سی پیک منصوبے کو بدنام کرنے والی ایک جعلی کمپنی کے خلاف ایف آئی اے نے تحقیقات مکمل کر لی ہیں جس میں دس کروڑ روپے سے زائد کے مالی نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق سی پیک کے نام پر اراضی اور بھاری رقوم ہتھیانے والے ایک گینگ کے دو کارندوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ملزمان خود کو ایک غیر ملکی کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے شکایت کنندہ سے پچاس لاکھ روپے نقد وصول کرنے کے علاوہ دو کروڑ روپے مالیت کا ایک کمرشل پلازہ اپنے نام منتقل کروا لیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ منتقل ہونے کے انتظار میں پاکستان میں مقیم افغان باشندوں سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ
تحقیقات میں بتایا گیا کہ ملزمان نے ساڑھے چار کروڑ روپے مالیت کا ایک مکان اور سیکٹر جی-15 میں واقع پانچ کنال اراضی بھی دھوکے سے ہتھیا لی، جس کے باعث متاثرہ شخص کو مجموعی طور پر دس کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
ایف آئی اے کی تفتیش کے دوران یہ بھی واضح ہوا کہ ملزمان کا کسی غیر ملکی کمپنی یا سی پیک منصوبے سے کوئی تعلق نہیں تھا اور پورا معاملہ جعلی دستاویزات اور فراڈ پر مبنی تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف اس سے قبل بھی مالی دھوکہ دہی کے متعدد مقدمات درج ہیں، جس کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔





