علیمہ خان کیخلاف بڑا عدالتی اقدام! حاضری سے استثنیٰ مسترد، وارنٹ گرفتاری جاری

علیمہ خان کیخلاف بڑا عدالتی اقدام! حاضری سے استثنیٰ مسترد، وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر 2024 کے احتجاج پر درج مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی اور ان کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ علیمہ خان کی جانب سے وکیل فیصل ملک جبکہ سرکار کی طرف سے پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران پانچ ملزمان کے وکلاء نے دس گواہوں پر جرح مکمل کر لی، تاہم باقی گواہوں پر جرح نہ ہو سکی۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کی اب تک 28 سماعتیں ہو چکی ہیں اور علیمہ خان کے طرزِ عمل کے باعث کیس مسلسل تاخیر کا شکار ہے، اس لیے سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔

پراسیکیوشن نے علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ درخواست کے ساتھ لاہور میں زیر سماعت مقدمات کی کاز لسٹ منسلک نہیں کی گئی، جو ایک قانونی تقاضا ہے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کے اعتراضات کو درست قرار دیتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی اور ملزمہ کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ یہ مقدمہ 26 نومبر کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے واقعات سے متعلق ہے، جس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں۔

Scroll to Top