پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل میں شامل دو نئی ٹیموں کے لیے نیلامی کا عمل 8 جنوری، جمعرات کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔
لیگ اب 6 کی بجائے 8 ٹیموں پر مشتمل ہوگی۔
پی سی بی کے مطابق نئی فرنچائزز کے لیے بولیوں کا تکنیکی جائزہ مکمل ہو چکا ہے اور کامیاب امیدوار راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے اپنی پسند کا شہر منتخب کر سکیں گے۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی شاندار ہے، جو لیگ کی ترقی کے لیے مثبت علامت ہے۔
پی سی بی حکام نے بتایا کہ لیگ کو بڑھانے کا فیصلہ اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت، مالی استحکام اور عالمی سطح پر اعتماد کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ نئی ٹیموں کے مالکان کو 10 سالہ ملکیتی حقوق دیے جائیں گے، جسے لیگ کے مستقبل کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
نیلامی میں حصہ لینے والے کاروباری گروپس اور کمپنیاں مختلف شعبوں جیسے ٹیلی کام، رئیل اسٹیٹ، ٹیکنالوجی اور توانائی سے تعلق رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 2026 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا اور فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔





