خیبرپختونخوا حکومت کا عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کا اعلان

کاشف الدین سید
پشاور:محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کا اعلان کیا ہے جنہیں ماہانہ 25 ہزار روپے تنخواہ دی جائے گی۔

یہ بھرتیاں صرف چار سے ساڑھے چار ماہ کے لیے ہوں گی۔

میدانی علاقوں میں عبوری اساتذہ کی خدمات 16 جنوری سے 31 مئی تک فراہم کی جائیں گی جبکہ پہاڑی علاقوں میں یہ مدت یکم مارچ سے 30 جون تک ہوگی۔

پرائمری سکولز میں اساتذہ کی بھرتی ایس ڈی ای او کے ذریعے کی جائے گی، مڈل سکولز میں ڈپٹی ڈی ای او اور ہائی و ہائر سکینڈری سکولز میں ڈی ای او اور پرنسپل بھرتیوں کے ذمہ دار ہوں گے۔ پرائمری سکولوں میں کم از کم چار اساتذہ کی موجودگی یا طلبہ کی تعداد کے مطابق بھرتی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی نیلامی کب ہوگی، تفصیلات سامنے آگئی

اعداد و شمار کے مطابق بندوبستی اضلاع میں 5,845 اساتذہ بھرتی ہوں گے جن میں لڑکوں کے سکولوں کے لیے 2,910 اور لڑکیوں کے سکولوں کے لیے 2,935 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

ضم اضلاع میں اساتذہ کی تعداد 4,229 ہوگی، جس میں لڑکوں کے لیے 392 اور لڑکیوں کے لیے 3,837 نشستیں رکھی گئی ہیں۔ یوں مجموعی طور پر 10,074 اساتذہ کی عبوری ضرورت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق یہ اقدام تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کو بہتر بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ میدانی اور پہاڑی علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

Scroll to Top