پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہمایون خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ہمیشہ جمہوری روایات، آئینی اقدار اور باہمی احترام پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسی جمہوری سوچ کے تحت سندھ حکومت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ان کے آئینی عہدے کے مطابق مکمل سرکاری پروٹوکول فراہم کرے گی۔
ہمایون خان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا طرزِ عمل ہمیشہ شائستگی، برداشت اور سیاسی رواداری پر مبنی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں ہو یا اپوزیشن میں، سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرتی اور اداروں کے احترام کو ہمیشہ مقدم رکھتی ہے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بدقسمتی سے خیبر پختونخوا کی موجودہ قیادت کا رویہ اکثر اوقات اشتعال انگیزی، محاذ آرائی اور سیاسی عدم برداشت کا مظاہرہ کرتا رہا ہے، جو جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم آئینی عہدوں اور منصب کا احترام ہر صورت لازم ہے۔
ہمایون خان نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور نعرے بازی یا الزام تراشی کو اپنی سیاست کا حصہ نہیں بناتی۔ ان کے مطابق اس وقت ملک کو سیاسی استحکام، بین الصوبائی ہم آہنگی اور سنجیدہ قیادت کی ضرورت ہے، نہ کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی نہ صرف جمہوریت کی بات کرتی ہے بلکہ اس پر عملی طور پر کاربند بھی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے طرزِ سیاست اور رویوں پر نظرِ ثانی کریں۔





