پہلا ٹی20، پاکستان نے سری لنکا کوشکست دے دی

پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 20 گیندیں قبل کامیابی حاصل کرلی۔ گرین شرٹس نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے پاور پلے میں 59 رنز کی شراکت قائم کی۔ صائم ایوب 18 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

اس کے بعد صاحبزادہ فرحان نے کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 25 رنز جوڑے، تاہم دونوں بیٹرز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے اور اسکور 101 پر 3 ہوگیا۔ صاحبزادہ فرحان 36 گیندوں پر 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ سلمان آغا نے 11 گیندوں پر 16 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کو چوتھا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 10 گیندوں پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر وکٹ کیپر عثمان خان اور شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 17ویں اوور میں کامیابی دلادی۔ شاداب خان 12 گیندوں پر 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عثمان خان نے 13 گیندوں پر 7 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسرنگا، دشمانتھا چمیرا، مہیش تھیکشانا اور دھننجایا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں : سمیر منہاس نے بھارتی کھلاڑی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

اس سے قبل پاکستان کے بولرز نے کپتان سلمان علی آغا کے پہلے فیلڈنگ کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے سری لنکا کو 19.2 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر کردیا۔ سری لنکن ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور دونوں اوپنرز کمِل مشارا بغیر کھاتہ کھولے جبکہ پاتھم نسانکا 15 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

کوشل مینڈس نے 14 اور دھننجایا ڈی سلوا نے 10 رنز بنا کر اننگز سنبھالنے کی کوشش کی، مگر اسکور 38 پر 4 ہوگیا۔ اس کے بعد جینتھ لیاناجے نے مزاحمتی بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 40 رنز بنائے، جس میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم وہ بھی 18ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے۔

اختتامی اوورز میں سلمان مرزا نے سری لنکن کپتان داسن شناکا 12 اور دشمنتھا چمیرا صفر کو آؤٹ کرکے پاکستان کی پوزیشن مزید مضبوط کردی۔ آخری اوور میں محمد وسیم جونیئر نے مہیش تھیکشانا کو آؤٹ کرکے اننگز کا خاتمہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور سلمان مرزا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے، جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعہ کو اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔

Scroll to Top