ہیک شدہ واٹس ایپ اکاؤنٹ دوبارہ کیسے حاصل کریں؟

اگر واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو چند سادہ اقدامات پر عمل کرکے اسے دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان میں واٹس ایپ ہیکنگ کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے جہاں روزانہ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ بزرگوں، خواتین، طلبہ اور کاروباری افراد کے اکاؤنٹس بھی ہیک ہو رہے ہیں۔

اکثر صارفین کو واٹس ایپ پر کسی جان پہچان والے شخص کے نام سے پیغام موصول ہوتا ہے جس میں اکاؤنٹ کی تصدیق یا چھ ہندسوں کا کوڈ مانگا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحق خاندانوں کےلئے اہم اعلان

کئی مواقع پر یہ پیغام کسی ایسے دوست یا رشتے دار کے نمبر سے بھی آتا ہے جس کا اکاؤنٹ پہلے ہی ہیک ہو چکا ہوتا ہے، اور صارفین لاعلمی یا جلد بازی میں تصدیقی کوڈ شیئر کر دیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہی ایک غلطی ہیکرز کو اکاؤنٹ کا مکمل کنٹرول دے دیتی ہے، اس لیے واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ کسی بھی صورت میں کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہیے۔

اگر کسی صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو سب سے پہلے موبائل فون سے ایپ کو ڈیلیٹ کرکے دوبارہ انسٹال کیا جائے۔ اس کے ساتھ ضروری ہے کہ دوستوں اور اہلِ خانہ کو کسی متبادل نمبر سے آگاہ کر دیا جائے تاکہ آپ کے نام سے آنے والے کسی بھی مشکوک پیغام پر وہ عمل نہ کریں۔

ایپ دوبارہ انسٹال کرنے کے بعد وہی موبائل نمبر درج کریں جو پہلے واٹس ایپ پر رجسٹرڈ تھا۔ اس کے بعد چھ ہندسوں پر مشتمل تصدیقی کوڈ موصول ہوگا، جسے درج کرنے سے زیادہ تر کیسز میں ہیکرز کی رسائی ختم ہو جاتی ہے۔

اگر ان اقدامات کے باوجود اکاؤنٹ بحال نہ ہو تو واٹس ایپ عام طور پر سات دن بعد بغیر پن کے لاگ اِن کی اجازت دے دیتا ہے تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ سم کارڈ صارف کے پاس موجود ہو۔

Scroll to Top