خیبر پختونخوا ، اسلام آباد اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں آج رات 2:15 بجے کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، سکردو، مری، گلیات، ایبٹ آباد، مردان، بخشالی، سوات، شانگلہ اور بونیر سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.8 اور زیر زمین گہرائی 159 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کا مرکز تاجکستان اور سنکیانگ کا سرحدی علاقہ تھا جہاں جھٹکوں کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے بعد شہری خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے اور کئی افراد کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلے۔

تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران میں معاشی بحران کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری، 45 ہلاکتیں، انٹرنیٹ سروس معطل

محکمہ موسمیات نے کہا کہ یہ زلزلہ تاجکستان میں آنے والے زلزلے کے اثرات تھے اور موجودہ حالات میں کوئی مزید خطرہ نہیں ہے۔

شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہر کے مختلف حصوں میں لوگ خوفزدہ نظر آئے، سڑکوں پر بھی بے چینی کا عالم تھا، لیکن کسی بڑے حادثے کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

Scroll to Top