واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مظاہرین کے خلاف کارروائی کی صورت میں ایک بار پھر تہران کو سخت وارننگ دی ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ اگر احتجاج کے دوران مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکہ ایران کو بھرپور اور سخت جواب دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران کو واضح طور پر بتا چکے ہیں کہ مظاہرین کو نقصان پہنچانے کی صورت میں امریکا خاموش نہیں بیٹھے گا۔
انٹرویو میں جب میزبان نے کہا کہ مظاہروں کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں، تو صدر ٹرمپ نے کہا کہ بعض اموات بھگدڑ کے باعث ہوئی ہیں اور ضروری نہیں کہ یہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کا نتیجہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں معاشی بحران کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری، 45 ہلاکتیں، انٹرنیٹ سروس معطل
انہوں نے مزید کہا کہ ہر موت کا ذمہ دار کسی ایک فریق کو نہیں ٹھہرا سکتے، لیکن ایران کو خبردار کر دیا گیا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو اسے بھاری قیمت ادا کرنی ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے مظاہرین کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا آپ آزادی کے لیے کھڑے ہیں، آپ بہادر لوگ ہیں، یہ افسوسناک ہے کہ آپ کے ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، حالانکہ یہ ایک عظیم ملک تھا۔
یاد رہے کہ ایران میں گزشتہ 12 روز سے عوام مہنگائی، کرنسی کی قدر میں گراوٹ اور اقتصادی بحران کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
ان مظاہروں کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکہ نے پہلے بھی ایران کو مظاہرین پر تشدد کے استعمال سے خبردار کیا تھا۔





