بنگلادیش نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا روک دیا

بنگلادیش نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بھارت میں مزید تین اہم سفارتی مشنز کے ویزا سیکشنز عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے مطابق یہ نئی پابندیاں جمعرات سے نافذ العمل ہو چکی ہیں اور تازہ فیصلے کے تحت بھارتی شہریوں کے لیے کاروباری، ملازمت کے علاوہ تمام اقسام کے ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔

بنگلادیشی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کولکتہ میں بنگلا دیشی ڈپٹی ہائی کمیشن میں قونصلر اور ویزا خدمات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں جبکہ ممبئی اور چنئی میں سیاحتی و دیگر تمام ویزا خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت میں وہی مشنز متاثر ہوئے ہیں جہاں سکیورٹی سے متعلق واقعات پیش آئے ہیں اور یہ اقدام مکمل طور پر حفاظتی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے 22 دسمبر کو بنگلا دیش نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن، تریپورہ کے شہر اگرتلہ میں اسسٹنٹ ہائی کمیشن اور سلی گوڑی میں قائم ویزا سینٹر میں ویزا اور قونصلر خدمات عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔

بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی کشیدگی دسمبر 2025 میں شدت اختیار کر گئی تھی جب بنگلہ دیش کے نوجوان رہنما شریف عثمان ہادی کے قتل کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور سیاسی بے چینی پھوٹ پڑی، مظاہروں اور تشدد کے واقعات نے بھارتی مشنز کے گرد سکیورٹی خطرات بڑھا دیے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا باضابطہ اعلان کر دیا

بنگلہ دیش نے نئی دہلی، کولکتہ اور اگرتلہ میں بھارتی شہریوں کے ویزا سیکشنز عارضی طور پر بند کر دیے ہیں جس کا اعلان جنوری 2026 میں کیا گیا۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ اقدامات خالصتاً سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیے گئے ہیں تاکہ ویزا درخواست گزاروں اور ڈپلوماٹک عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

کشیدگی بنگلہ دیش میں فروری 2026 کے پارلیمانی انتخابات کے پیشِ نظر بھی بڑھ رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات پر دباؤ برقرار ہے۔

Scroll to Top