حکومت کا پاسپورٹ کے حوالے سے اہم فیصلہ

وفاقی حکومت نے پاسپورٹ میں جعلسازی کی روک تھام کےلیے اہم قدم اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاسپورٹس میں نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کروائے جائیں گے تاکہ جعلسازی کو روکا جا سکے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے یہ بات بیجنگ پبلک سکیورٹی پاسپورٹ بیورو کے دورے کے دوران بتائی، جہاں ڈائریکٹر جنرل سن یو نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے بیورو کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور چین کے پاسپورٹ و امیگریشن نظام، درخواست سے لے کر پاسپورٹ کی طباعت تک کے مراحل پر بریفنگ حاصل کی۔

محسن نقوی نے چین کے امیگریشن نظام کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھی پاسپورٹ اور امیگریشن کے شعبے میں تیز رفتار اور جامع نظام متعارف کرایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں بھی امیگریشن کا جدید نظام تیار کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سال 2026کیلئےیونائیٹڈ 70 سی سی موٹر سائیکل کی نئی قیمت جاری

دوسری جانب سال 2025 کے اختتام پر ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس اینڈ امیگریشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کی گئی ہےجس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر ڈی جی پاسپورٹس کی قیادت میں 2025 کو اصلاحات کا سال قرار دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جدید پرنٹرز کی تنصیب کے باعث پاسپورٹس کے طویل عرصے سے موجود بیک لاگ پر قابو پا لیا گیا۔ محکمہ پاسپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران مجموعی طور پر 55 لاکھ 72 ہزار 13 پاسپورٹس جاری کیے گئے، جو ایک سال میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نارمل کیٹیگری میں 32 لاکھ 75 ہزار 263، ارجنٹ کیٹیگری میں 18 لاکھ 39 ہزار 487 جبکہ فاسٹ ٹریک کیٹیگری میں 2 لاکھ 76 ہزار 789 پاسپورٹس جاری کیے گئے۔

محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے دفاتر کھلے رکھنے کی سہولت سے پاسپورٹ اجرا کے عمل میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سال 2025 کے دوران ای پاسپورٹس بنوانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

Scroll to Top