پاک امریکا تعلقات مضبوط ترین سطح پر، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری جلد متوقع،امریکی سفارتکار

پاکستان اور امریکا کےتعلقات اس وقت تاریخ کی مضبوط ترین سطح پر ہیںجس کے نتیجے میں ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری جلد متوقع ہے۔

امریکی سفارت خانے کے منسٹر کاؤنسلر برائے پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات اپنی تاریخ کی بہترین سطح پر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مضبوط، خوشگوار اور باہمی احترام پر مبنی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کی مستحکم بنیاد کی عکاسی کرتے ہیں۔

اینڈی ہیلس نے انکشاف کیا کہ امریکی حکومت کے ایگزم بینک کے اشتراک سے پاکستان کے اہم معدنی منصوبے ریکوڈک میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت کا پاسپورٹ کے حوالے سے اہم فیصلہ

انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں امریکی نجی کمپنیوں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے جو پاک امریکا اقتصادی تعاون میں اضافے کی علامت ہے۔

امریکی سفارتکار کے مطابق سرمایہ کاری کے حتمی فیصلے نجی امریکی کمپنیاں خود کرتی ہیں، تاہم امریکی سفارت خانے میں ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے غیر معمولی دلچسپی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں جہاں سرمایہ کاری کرتی ہیں وہاں مقامی باصلاحیت افرادی قوت کو ترجیح دیتی ہیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرتی ہیں۔

اینڈی ہیلس نے تعلیم کو پاک امریکا تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں فل برائٹ پروگرام کو 75 برس مکمل ہو چکے ہیں اور اب تک 9 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ امریکا کی ممتاز جامعات سے تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو یو ایس ای ایف پی اور ایجوکیشن یو ایس اے کے مفت تعلیمی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے درمیان تعلقات نہایت مضبوط اور خوشگوار ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مواقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے بارے میں مثبت بیانات دے چکے ہیں۔

اینڈی ہیلس کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں ایسے وقت میں یہاں امریکی سفارت خانے کے لیے کام کرنے آیا ہوں۔

Scroll to Top