149 بجلی گھروں میں چشمہ اور کراچی نیو کلیئر پاور پلانٹس کی کارکردگی سب سے بہترین قرار،نیپرا رپورٹ جاری

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم سے وابستہ کمپنیوں سے متعلق مالی سال 2024-25 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں اداروں کی صحت، حفاظت اور ماحولیات سے متعلق کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر انتظام ادارے چشمہ نیو کلیئر اور کراچی نیو کلیئر پاور پلانٹس کی کارکردگی کو ملک بھر میں سب سے بہترین قرار دیا گیا ہے۔ نیپرا کے مطابق ان دونوں جوہری بجلی گھروں نے صحت، حفاظت اور ماحولیات کے شعبے میں غیر معمولی معیار قائم کیا ہے اور تمام حفاظتی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے۔

نیپرا کی رپورٹ کے مطابق بجلی پیدا کرنے، ترسیل اور تقسیم کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 149 اداروں کی جانچ کی گئی، جس کے موازنے میں چشمہ اور کراچی کے جوہری بجلی گھر نمایاں طور پر سرفہرست رہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان دونوں پلانٹس نے گزشتہ چند برسوں کے دوران اپنی کارکردگی میں مسلسل بہتری برقرار رکھی ہے، جو مضبوط انتظامی ڈھانچے اور مؤثر حکمتِ عملی کا مظہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک امریکا تعلقات مضبوط ترین سطح پر، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری جلد متوقع،امریکی سفارتکار

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چشمہ اور کراچی کے جوہری بجلی گھروں میں جدید حفاظتی نظام نافذ ہیں، عملہ مکمل طور پر تربیت یافتہ ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور مربوط انتظامات موجود ہیں۔

نیپرا حکام کے مطابق یہ رپورٹ بجلی کے شعبے کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے کہ مضبوط حفاظتی نظام، پیشہ ورانہ انتظامی حکمتِ عملی اور مسلسل بہتری کے ذریعے ادارے اعلیٰ کارکردگی حاصل کر سکتے ہیں۔ نیپرا نے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر بجلی پیدا کرنے والے ادارے بھی چشمہ اور کراچی کے جوہری بجلی گھروں کی کارکردگی کو مثال بناتے ہوئے اپنے حفاظتی اور انتظامی نظام کو مزید بہتر بنائیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جوہری بجلی گھروں کی اعلیٰ کارکردگی ملک کے توانائی کے نظام کے استحکام، عوامی اعتماد اور ملازمین کی حفاظت کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ چشمہ اور کراچی کے جوہری بجلی گھر نہ صرف توانائی کی پیداوار میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان میں محفوظ، ماحول دوست اور جدید توانائی نظام کی کامیاب مثال بھی قائم کر رہے ہیں۔

Scroll to Top