خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں کاسلوک ہوتا ہے، وزیراعلی سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے کے ساتھ مسلسل سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سال 2018 سے 2025 تک دیگر صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت حصہ ملتا رہاتاہم خیبر پختونخوا کو اس حق سے محروم رکھا گیا۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاق کی جانب سے خیبر پختونخوا کو اس کے جائز مالی وسائل فراہم نہیں کیے جا رہےحالانکہ صوبہ ملک میں سب سے کم لاگت پر بجلی پیدا کر رہا ہے جس کا فائدہ پورے پاکستان کو پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دورے کے دوران خیبر پختونخوا کی قیادت کے ساتھ مناسب رویہ اختیار نہیں کیا گیا حتیٰ کہ لاہور میں بعض مقامات پر کھانے پینے کے لیے جانے پر مارکیٹیں بند کر دی جاتی تھیں۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ آئین میں ایسی کوئی شق موجود نہیں جو کسی وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے میں سیاسی سرگرمی سے روکے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ میں اب تک تو بے نظیر اور ذوالفقار بھٹو کی حکومت نظر آرہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ خیبر پختونخوا آئیں تو ہم عزت و تکریم دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں احساس پروگرام سمیت فلاحی منصوبے جاری ہیں جن کے تحت شہریوں کو 20 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top