برطانیہ نے امیگریشن قوانین میں حالیہ اعلان کردہ تبدیلیوں پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔
امیگریشن رولز میں کی گئی ترامیم کو سرکاری ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے جبکہ نئے قواعد کا اطلاق 8 جنوری سے ہو گا۔
برطانوی حکام کے مطابق ان تبدیلیوں سے مختلف ویزا کیٹیگریز متاثر ہوں گی۔ اسکیلڈ ورکر ویزا کے قواعد میں ترمیم کر دی گئی ہے، جبکہ ہائی پوٹینشل انڈویجول ویزا سے متعلق ضوابط میں بھی نئی شرائط شامل کی گئی ہیں۔
اسی طرح اسکیل اپ ویزا کے قوانین میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے اور نئی شرائط کے تحت درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ ورک ویزا کے درخواست گزاروں کے لیے انگریزی زبان کے معیار کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق 8 جنوری سے درخواست دینے والے افراد کے لیے انگریزی زبان کا معیار **بی ٹو لیول** مقرر کیا گیا ہے، تاہم یہ شرط صرف نئے درخواست گزاروں پر لاگو ہو گی، جبکہ موجودہ ویزا ہولڈرز اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ہوم آفس کا کہنا ہے کہ ان ترامیم کا مقصد برطانیہ آنے والی ورک فورس کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔





