وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے بعد تحریک تحفظ آئین پاکستان کو نشانے پر رکھ لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تحریک تحفظ آئین پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت ٹانگے کی سواریاں ہیں اور ان کی کوئی عوامی حیثیت نہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے مسلسل درست سمت میں جا رہے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے، جو معیشت میں بہتری کی عکاسی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ماضی میں بھی پاکستان تحریک انصاف سے متعدد بار نمٹ چکی ہے اور اس مرتبہ بھی قانون کے مطابق صورتحال سے نمٹا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے بارے میں قرآن کریم میں واضح احکامات موجود ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر ہم سب اپنی اپنی سوچ چھوڑ کر قرآن کریم کا مطالعہ کریں تو ہر چیز واضح ہو جاتی ہے۔
وزیر داخلہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان سے پوچھا جانا چاہیے کہ انہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور اپنے افسران کی حفاظت کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آ فریدی کو باغ جناح میں جلسے اور ہر سہولت کی اجازت، مگر ایک شرط کیساتھ ،شرجیل میمن نے بالآخرواضح کر دیا
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے قانون کے مطابق اسی طرح نمٹا جائے گا جیسے پہلے کیا گیا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ مذاکرات ان لوگوں کا کام ہے جن کی یہ ذمہ داری بنتی ہے جبکہ ان کا کام ریاستی رٹ قائم رکھنا ہے۔





