سڑک پر جلسے کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی، وزیر داخلہ سندھ نے پی ٹی آئی کو خبردار کر دیا

سندھ حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اگر مقررہ مقام کے بجائے سڑک پر جلسہ کرتی ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کسی بھی صورت سڑک پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صوبائی وزیر ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ اگر کسی سڑک پر جلسہ منعقد کیا گیا تو حکومت قانون کے مطابق سخت ایکشن لے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو جس مقام پر جلسے کی اجازت دی ہے، پارٹی کو وہیں پروگرام منعقد کرنا ہوگا۔

ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ حکومت تاحال پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون کر رہی ہے، تاہم ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیر داخلہ سندھ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کی اجازت حاصل ہے، سڑک پر جلسہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کے لیے باضابطہ این او سی جاری کی گئی ہے تاہم پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ اجازت نامہ تاخیر سے ملنے کے باعث جلسے کے انتظامات ممکن نہیں رہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی باغ جناح میں جلسہ نہیں کرے گی بلکہ مزار قائد کے گیٹ کے سامنے جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

ادھر پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ آج باغ جناح ہی میں ہوگا تاہم این او سی تاخیر سے ملنے کی وجہ سے وقت کم رہ گیا ہے اور کنٹینرز بھی منگوا لیے گئے ہیں۔

Scroll to Top