وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ سندھ حکومت کے رویے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
شفیع جان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ان پر کوئی پابندی نہیں لگائی اور وہ اس کے شکرگزار ہیں، انہوں نے کہا کہ انہیں شام 6 بجے جلسے کا این او سی جاری کیا گیا، جو بروقت ملنا چاہیے تھا۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ جلسے کے انتظامات ابھی مکمل نہیں ہیں تاہم امید ہے کہ آج جلسہ باغ جناح میں ہی ہوگا اور وہ اپنی تقریروں میں وہی باتیں کریں گے جو پہلے کرتے آئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ سندھ کو دورے کی دعوت دی ہے اور پیر کو ان سے ملاقات ہوگی۔
معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے پنجاب حکومت کے رویے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کیا جو پنجاب حکومت کے برعکس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سڑک پر جلسے کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی، وزیر داخلہ سندھ نے پی ٹی آئی کو خبردار کر دیا
سندھ حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اگر مقررہ مقام کے بجائے سڑک پر جلسہ کرتی ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کسی بھی صورت سڑک پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صوبائی وزیر ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ اگر کسی سڑک پر جلسہ منعقد کیا گیا تو حکومت قانون کے مطابق سخت ایکشن لے گی۔





