چھوٹی سی لاپرواہی نے شادی والے گھر کی خوشیوں کو المناک حادثے میں بدل دیا

اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں ایک شادی والے گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے میں دلہا اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔

گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں چار گھر متاثر ہوئے جن میں تین مکمل طور پر تباہ ہو گئے، دھماکے کے بعد گھروں سے مجموعی طور پر 20 افراد کو نکالا گیا جن میں سے  افراد جاں بحق ہوئے۔

ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو محفوظ نکالا اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔

دھماکہ شادی کے گھر میں ہوا جہاں دلہا اور مہمان بھی موجود تھے، جاں بحق ہونے والوں میں دلہا، دلہا کی والدہ اور دلہن شامل تھے۔

ترجمان پمز ڈاکٹر انیزہ جلیل کا کہنا ہے کہ 11 زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں دو بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کا علاج آرٹھوپیڈک، برن سنٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ میں جاری ہے جبکہ ایک شدید زخمی کو سٹی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ حادثہ گیس لیکج کی وجہ سے ہوا اور سردیوں میں ایسے واقعات معمول ہیں، عوام سے اپیل کی گئی کہ رات کے وقت گیس کے استعمال میں احتیاط کریں۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دلہا کی بارات گجرات سے واپس آئی تھی اور رات دیر گئے ہیٹر چل رہا تھا، گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہیٹر بند ہوا اور گیس دوبارہ آنے پر گھر میں جمع ہوگئی جس کے بعد صبح ناشتے کے وقت دھماکہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور، دو فلائنگ کوچز میں خوفناک تصادم، ایک جاں بحق، 15 زخمی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ورثاء کے ساتھ تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

Scroll to Top