ایپل شائقین کے لیے فولڈ ایبل آئی فون سے متعلق بڑی خوشخبری

ٹیکنالوجی کی دنیا میں افواہیں ہیں کہ ایپل اپنے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون، آئی فون فولڈ، پر کام تیز کر چکا ہے، تاہم کمپنی کو اندرونی اسکرین پر پڑنے والی شکن ختم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اس مسئلے کو ڈیوائس کی ڈیزائن ترجیحات میں سب سے اہم مقام حاصل ہے۔ توقع ہے کہ آئی فون فولڈ سنہ 2026 میں متعارف کرایا جائے گا۔

تازہ رپورٹس کے مطابق ایپل نے مختلف حریف فولڈ ایبل فونز، خاص طور پر اوپو Find N5، کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ وہ اسکرین پر کم سے کم شکن کیسے پیدا کرتے ہیں۔

افواہوں کے مطابق آئی فون فولڈ کا اسپیکٹ ریشو دیگر بک اسٹائل فولڈ ایبل فونز کے مقابلے میں زیادہ چوڑا ہوگا، اور فولڈ کھلنے پر یہ آئی پیڈ منی جیسا منظر پیش کر سکتا ہے۔

تاہم موجودہ پروٹوٹائپس میں ایپل اپنے ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، یعنی اندرونی اسکرین پر شکن اب بھی نظر آ رہی ہے۔

ویبو پر ایک ٹپسٹر نے دعویٰ کیا کہ ایپل نے اوپو کے فولڈ ایبل فون کی اسکرین ٹیکنالوجی کا مطالعہ کیا، مگر اپنے پروٹوٹائپس میں اوپو جیسی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

رپورٹس میں یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آیا ایپل نے اوپو کی ٹیکنالوجی یا مواد کو اپنانے میں کامیابی حاصل کی ہے یا نہیں۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ OPPO Find N5 کی اندرونی اسکرین سام سنگ تیار کرتا ہے، اور قیاس کیا جا رہا ہے کہ ایپل بھی اپنے آئی فون فولڈ کے لیے سام سنگ کی ڈسپلے ٹیکنالوجی استعمال کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موٹر سائیکل کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری، کمپنی نے اٹلس ہونڈا CG 150 پر شاندار آفر لگا دی

حالیہ رپورٹس کے مطابق سام سنگ کی بغیر شکن ڈسپلے ٹیکنالوجی، جو CES 2025 میں پیش کی گئی تھی، ممکنہ طور پر سب سے پہلے ایپل کے فولڈ ایبل فون میں استعمال ہو، بجائے اس کے کہ یہ کسی مستقبل کے گیلیکسی زی فولڈ ماڈل میں پیش کی جائے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل کا سام سنگ سے ڈسپلے حاصل کرنا اس کی طویل المدتی سپلائی چین پالیسی کے ساتھ ہم آہنگ ہے، کیونکہ ایپل نے ماضی میں بھی کئی اہم آئی فون پرزوں کے لیے سام سنگ پر انحصار کیا ہے۔

Scroll to Top