این ڈی ایم اے نے میدانی علاقوں میں برفباری کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں کو بے بنیاد اور غیر سنجیدہ قرار دے دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے ماہرین کے مطابق جنوری کے آخری 15 دنوں کے دوران سردی میں معمولی اضافہ ہوگا اور صرف پہاڑی علاقوں میں ہی برفباری کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق 18 جنوری سے ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواؤں کی وجہ سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
مغربی ہواؤں کی آمد کے اثرات سے خیبر پختونخواہ کے متعدد اضلاع کے ساتھ مغربی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں بھی بارش کا امکان ہے۔
آنے والے تین سے چار دنوں میں ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث سردی میں معمولی اضافہ ہو گا۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید سردی اور دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ جنوب کی طرف سے آنے والی سائبیرین ہواؤں کے اثرات سے شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر محسوس ہوگی۔
ادارے نے متعلقہ محکموں کو پیشگی آگاہی فراہم کی ہے اور حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم سے متعلق درست معلومات کے لیے وہ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ کا استعمال کریں تاکہ محفوظ اور محتاط رہ سکیں۔





