اختیارولی خان کے بیان پر معاون خصوصی شفیع جان کا ردعمل

وزیراعلی خیبرپختونخوا کےمعاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نےوزیراعظم کے کوآرڈینیٹراختیار ولی خان کے خیبرپختونخوا گورننس کے حوالے سے بیانات کو لاعلمی، سیاسی بوکھلاہٹ اور بددیانتی قرار دیا ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ اختیار ولی وفاقی حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ صوبے میں گورننس نہ ہونے کا دعویٰ کرنے والے پہلے وفاقی حکومت کی کارکردگی کا حساب دیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی ناقص پالیسیوں، مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے، اور خیبرپختونخوا پولیس وفاق کی جانب سے فنڈز روکنے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف بہادری سے برسرپیکار ہے۔

شفیع جان نے اختیارولی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کی بجائے وفاق سے صوبے کے بقایا جات ادا کروائیں، اور کرپشن پر لیکچر دینے والے یہ بتائیں کہ وفاق میں بدعنوانی کے بڑے اسکینڈلز کیوں سامنے آ رہے ہیں، خاص طور پر 5300 ارب روپے کی کرپشن کس نے کی؟

انہوں نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں شفافیت، احتساب اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، اور صحت کارڈ کے ذریعے لاکھوں عوام کو مفت علاج اور ادویات کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ اختیارولی کو بیان بازی کے بجائے اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرنا چاہیے اور وفاقی حکومت کو خیبرپختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے۔

Scroll to Top