سلمان علی آغا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئ تاریخ رقم کردی

سلمان علی آغا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اگرچہ قومی ٹیم فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی لیکن کپتان سلمان علی آغا کی جارحانہ اور شاندار بیٹنگ نے شائقینِ کرکٹ کو محظوظ کر دیا۔

دمبولا میں ہونے والے میچ میں سلمان علی آغا نے محض 12 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر سب کو حیران کر دیا، جس میں 5 چوکے اور 3 زوردار چھکے شامل تھے۔ ان کی اننگز کا اسٹرائیک ریٹ 375.0 رہا، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی کپتان کی جانب سے (کم از کم 10 گیندیں کھیلنے کی شرط کے تحت، فل ممبر ٹیموں کے خلاف) سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ کیرون پولارڈ کے پاس تھا جنہوں نے 2021 میں سری لنکا کے خلاف 11 گیندوں پر 38 رنز بنا کر 345.5 کا اسٹرائیک ریٹ حاصل کیا تھا تاہم اب سلمان علی آغا نے یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ریکارڈ کی فہرست میں عالمی شہرت یافتہ بلے باز جیسے کوئنٹن ڈی کوک، روہت شرما اور ڈیرن سیمی بھی شامل ہیں، لیکن سلمان علی آغا کی برق رفتار اننگز نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اگرچہ پاکستان میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا، مگر کپتان کی یہ تاریخی کارکردگی ٹیم کے لیے مثبت اشارے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے اور یہ اننگز طویل عرصے تک یاد رکھی جائے گی۔

Scroll to Top