حدِ نگاہ کم، موٹر وے پولیس نے کئی سیکشنز بند کر دیے

اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی صورتحال شدید متاثر ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر متعدد موٹر ویز کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا گیا ہے۔

موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند ہے۔

موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جبکہ ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک بند ہے۔

اسی طرح موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور شیر شاہ سے شام کوٹ تک بند ہے۔ موٹر وے ایم فائیو روہڑی سے رحیم یار خان تک اور ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جبکہ ایم فورٹین داؤد خیل سے عیسیٰ خیل تک بند ہے۔

موٹر ویز سینٹرل ریجن کے مطابق دھند کی شدت کے باعث ایم ٹو پر لاہور سے کوٹ مومن تک گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔

ایم تھری فیض پور سے درخانہ اور ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ایم فائیو ملتان سے روہڑی اور ایم الیون پر لاہور سے سمبڑیال تک گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

دھند کا اثر قومی شاہراہوں پر بھی نمایاں ہے۔ لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال اور احمد پور شرقیہ میں دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہو گئی ہے، جبکہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر دن کے اوقات میں سفر نسبتاً زیادہ محفوظ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی غیرقانونی سرگرمیوں سے باز نہ آئی تو ادارے حرکت میں آئیں گے، رانا ثنا اللہ

ترجمان کے مطابق سفر کے دوران گاڑیوں کی فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور لین کی اچانک تبدیلی سے گریز کریں۔

اس کے علاوہ اوور ٹیکنگ سے اجتناب اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔

موٹر وے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ روانگی سے قبل سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا رہنمائی کے لیے موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

Scroll to Top