بحرین: صدر مملکت آصف علی زرداری بحرین کے چار روزہ سرکاری دورے پر آج دارالحکومت منامہ پہنچ گئے۔
ان کے استقبال کے لیے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور بحرین کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن رشید الزیانی نے رسمی تقریب کے دوران صدر زرداری کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم عبدالقادر اور بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف بھی موجود تھے۔
صدر آصف علی زرداری کے اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانا، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع پر تبادلہ خیال کرنا اور خطے میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینا بتایا گیا ہے۔
دورے کے دوران صدر زرداری کی بحرین کے فرماں روا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات متوقع ہے، جہاں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات، تجارتی معاہدوں اور خطے کے اہم امور پر بات کریں گے۔
صدر مملکت منامہ میں اکنامک ڈیولپمنٹ بورڈ کے صدر دفتر میں منعقدہ استقبالیہ سے بھی خطاب کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے سرمایہ کار، حکام اور تجارتی شخصیات شریک ہوں گی۔
اس دوران اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گردی کے خلاف پی ٹی آئی کی پالیسی شروع سے واضح ہے، شفیع جان
قبل ازیں صدر آصف علی زرداری نے منامہ پہنچنے کے بعد بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔
پاکستانی صدر کے چار روزہ سرکاری دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی حرکیات پیدا کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران متوقع ملاقاتیں اور استقبالیہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سیاسی اور سفارتی تعلقات کو بھی مستحکم کریں گے۔





