کل ہوگا بڑا فیصلہ؟ اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی پرپی ٹی آئی کو گرین سگنل

کل ہوگا بڑا فیصلہ؟ اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی پرپی ٹی آئی کو گرین سگنل

اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا معاملہ حل ہونے کے قریب، اسپیکر قومی اسمبلی کی تحریک انصاف کو کل تک یقین دہانی

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی سے متعلق معاملہ حل ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری کل تک مکمل کر لی جائے گی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے محمود خان اچکزئی کے مقابلے میں کوئی دوسرا امیدوار موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر آفس میں ملاقات کے دوران کسی قسم کی سیاسی ڈیل یا دیگر معاملات پر بات نہیں ہوئی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں عامر ڈوگر نے مؤقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف میں کسی قسم کی گروپنگ موجود نہیں اور محمود خان اچکزئی ہی متفقہ طور پر اپوزیشن لیڈر نامزد کیے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر کا معاملہ حل ہو چکا ہے اور امکان ہے کہ آج یا کل میں اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ 8 فروری تحریک انصاف کی فائنل کال ہوگی، بلکہ یہ جدوجہد کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی ایک طویل سیاسی جدوجہد کے لیے تیار ہے، جبکہ اپوزیشن اتحاد آئندہ دنوں میں کراچی کا دورہ بھی کرے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن بامعنی مذاکرات کی خواہاں ہے، جن کا مقصد ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی بنیاد رکھنا ہے تاکہ ملک میں جمہوری نظام کو مستحکم کیا جا سکے۔

سیاسی حلقوں کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار مزید مؤثر ہونے کی توقع ہے، جبکہ پارلیمانی سیاست میں بھی ایک نیا مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

Scroll to Top