اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور و خوض کے لیے کابینہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت خزانہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کیے جانے والے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹ عصری تقاضوں کے مطابق تیار کیے جا رہے ہیں اور اس کام میں بین الاقوامی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہریوں کےلیے خوشخبری، وفاق کا صحت کارڈ کے اجراء کا فیصلہ
کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کرنے کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔
اسی اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے پیش کی گئی پرائیویٹ حج پالیسی 2030-2027 کے مسودے کو مزید غور کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو بھیجنے کی ہدایت کی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر 2025 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔





