پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی کا سفر نیوزی لینڈ کی بنگلادیش کے خلاف پانچ وکٹوں سے جیت کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔
راولپنڈی کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے اپنی جگہ پکی کرلی۔ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں، جب کہ پاکستان پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکا ہے۔
پاکستان نے ایونٹ کا آغاز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف 60 رنز کی شکست سے کیا تھا۔ اس کے بعد، دبئی میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں فخر زمان چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کرکٹ شائقین اور کرکٹرز نے سخت تنقید کی۔ سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا کہ ورلڈکپ 2027 کے لیے قومی ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے 6 کھلاڑیوں کی تبدیلی ضروری ہے۔
یاد رہے کہ 2017 میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔