نئے گیس کنکشن کے خواہشمند افراد کےلیے اہم خبر

سوئی ناردرن گیس کمپنی کو ایک ساتھ بڑی تعداد میں نئے گیس کنکشنز کی درخواستیں موصول ہونے کے باعث انتظامی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کمپنی حکام کے مطابق گیس کنکشنز کی فراہمی کھلتے ہی صارفین کی جانب سے غیر معمولی تعداد میں درخواستیں جمع کرائی گئیں جس سے ادارے پر کام کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی کو فاسٹ ٹریک کیٹیگری کے تحت تقریباً چار لاکھ نئی درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے اب تک قریباً 29 ہزار صارفین کو گیس کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ نارمل میرٹ کیٹیگری کے تحت مزید تین لاکھ کے قریب درخواستیں بھی جمع کرائی گئی ہیں،جن پر مرحلہ وار کارروائی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید سردی کی لہر ،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

کمپنی حکام نے بتایا کہ 36 ہزار کنورژن کیسز ایسے صارفین کو فراہم کیے گئے ہیں جن کے پاس پہلے سے پیڈ ڈیمانڈ نوٹس موجود تھے۔ حکام کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 64 ہزار نئے آر ایل این جی پر مبنی گیس کنکشنز فراہم کیے جا چکے ہیں۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی درخواستوں کے باعث کنکشنز کی فراہمی میں وقت لگ رہا ہےتاہم صارفین کی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

کمپنی نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کمپنی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ نئے گیس کنکشنز کی فراہمی کا عمل باقاعدگی اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

Scroll to Top