عمران خان کو اقتدار میں لانے والے عناصر دوبارہ اپنے مقاصد چاہتے ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاسی پرورش کرنے اور انہیں اقتدار میں لانے والے عناصر اب بھی یہ چاہتے ہیں کہ مملکتِ خداداد پاکستان ان کے تابع ہو جائے اور ان کا پالتو شخص ایک بار پھر اقتدار میں آ جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گالیاں دینے والوں کو پناہ فراہم کرنے والے عناصر کی خواہش ہے کہ ملک ان کے زیر اثر رہے اور عمران خان دوبارہ برسر اقتدار آئیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا مقصد بھی اسی ایجنڈے کا حصول تھا۔

وزیر دفاع نے ماضی اور حال کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ فرق واضح ہے، عمران خان کے دور میں جب بھارت نے حملہ کیا تو بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو راتوں رات واپس کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اُس وقت پارلیمنٹ کو بتایا گیا تھا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کا رسک نہیں لیا جا سکتا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں بھارت کی جانب سے دوبارہ جارحیت کی گئی، جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا اور فتح کی تاریخ رقم کی۔

ان کے مطابق دنیا حیران رہ گئی کہ یہ وہی پاکستان ہے جس نے چند سال قبل بھارتی پائلٹ کو واپس کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے، ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے، فیصل کریم کنڈی

وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے اللہ تعالیٰ کی مدد سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، جبکہ ہمارے شہداء نے وطن کو جاوداں کر دیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ دشمن آج بھی تاک میں ہے، اس لیے قوم کو ہوشیار اور متحد رہنا ہوگا۔

انہوں نے بیرون ملک بیٹھے نام نہاد پاکستانیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی دراصل پاکستان کی ترقی، امن، معاشی استحکام اور محفوظ مستقبل کے دشمن ہیں اور ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔

Scroll to Top