شدید دھند کے باعث اہم شاہراہیں بند، شہری محتاط رہیں

اسلام آباد: شدید دھند کے باعث پنجاب بھر میں موٹرویز مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

ترجمان سینٹرل ریجن موٹر وے پولیس سید عمران احمد نے بتایا کہ ایم-1 پشاور سے صوابی، ایم-2 ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری، ایم-3 فیض پور سے رجانہ، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے شور کوٹ اور عبدالحکیم سے شام کوٹ، ایم-11 لاہور سے سمبڑیال، اور ایم-14 کھڑپہ سے عیسیٰ خیل تک موٹرویز بند ہیں۔

سید عمران احمد نے بتایا کہ دھند کی شدت کے باعث حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہے، جس کے نتیجے میں موٹرویز کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری تھی۔

انہوں نے بتایا کہ بندش کے باعث ٹریفک قومی شاہراہوں پر منتقل ہو گئی ہے اور موٹر وے پولیس اس کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہے۔

احتیاطی تدابیر:

1. شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

2. سفر صرف دن کے اوقات میں کریں، صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک بہترین اور محفوظ وقت ہے۔

3. دھند میں گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

4. گاڑی کے ہیڈلائٹس، فوگ لائٹس اور ہارن کا استعمال کریں تاکہ دیگر ڈرائیورز کو بھی واضح طور پر نظر آئیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران پر امریکی حملہ ٹل گیا، ایران میں اتحاد اور احتجاج عوامی حمایت کی مثال ہے، رانا ثناء اللہ

5. اگر ممکن ہو تو ہائی ویز یا قومی شاہراہوں پر سفر کرنے سے پہلے موسمی حالات کی معلومات حاصل کریں۔

6. ڈرائیورز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مدد کے لیے موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن نمبر 130 پر رابطہ کریں۔

سید عمران احمد نے کہا کہ دھند کے دوران غیر محتاط ڈرائیونگ حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو خاص احتیاط برتنی چاہیے۔

Scroll to Top