برلن: اگر آپ جرمنی میں ملازمت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے نہایت اہم ہے۔
جرمنی میں سال 2026 سے کم از کم فی گھنٹہ اجرت میں 8 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد اجرت بڑھ کر 13.90 یورو فی گھنٹہ ہو جائے گی۔
سرکاری اعلان کے مطابق اگر کوئی ملازم ہفتے میں 40 گھنٹے کام کرتا ہے تو ٹیکس اور دیگر کٹوتیوں سے قبل اس کی کم از کم ماہانہ آمدن تقریباً 2400 یورو بنتی ہے، جو جرمنی میں کام کرنے والے افراد کے لیے ایک بڑی سہولت تصور کی جا رہی ہے۔
ٹیکس نظام کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جرمنی میں ٹیکس نوٹیفکیشن سسٹم کو بتدریج ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو اب بھی اپنے میل باکس پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ کسی بھی اہم نوٹس سے محروم نہ رہیں۔
جرمنی میں منی جاب کرنے والوں کے لیے بھی نئی اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے۔ منی جاب ایک مخصوص قسم کی ملازمت ہے جس میں ایک مقررہ حد تک آمدن پر ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑتا۔ اگر کسی فرد کی ماہانہ آمدن 603 یورو سے کم ہو تو وہ ٹیکس سے استثنیٰ حاصل کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علی محمد خان نے پی ٹی آئی کو کمیٹیوں میں واپس جانے کا مشورہ دے دیا
اسی طرح اگر کوئی شخص ریٹائرمنٹ کی عمر کے بعد بھی کام جاری رکھتا ہے تو اسے 2000 یورو تک کی ماہانہ آمدن پر ٹیکس میں خصوصی چھوٹ دی جائے گی، جو بزرگ افراد کے لیے ایک حوصلہ افزا اقدام ہے۔
مزید برآں بیرون ملک سے آنے والے اسکلڈ ورکرز کی سہولت کے لیے ایک مرکزی ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، تاکہ روزگار، دستاویزات اور دیگر امور میں آسانی فراہم کی جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ جرمنی میں ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جو غیر ملکی ورکرز کے لیے مزید سہولت کا باعث بنے گا۔





