ایران میں بڑھتی کشیدگی، عالمی برادری نے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی

نیو یارک: ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایران اور خطے میں جاری کشیدگی پر پاکستان کو شدید تشویش ہے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔

عاصم افتخار نے کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور خطے میں استحکام اور امن کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی کے لیے تمام فریقین کو عالمی قوانین کا احترام کرتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

امریکی مندوب: ایران کی صورتحال عالمی امن کے لیے خطرہ

اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی مندوب نے کہا کہ امریکا ایران کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں تشدد اور جبر عالمی امن پر اثرات مرتب کرتا ہے اور ایران نے حزب اللہ اور حماس جیسی تنظیموں کی فنڈنگ کے ذریعے مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے۔

امریکی مندوب نے مزید کہا کہ ایران میں سر نہ ڈھانپنے پر خاتون کو قتل کر دیا گیا، حکومت کا طرز عمل مذاکرات کے برعکس ہے، اور صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف تمام آپشنز کھلے رکھے ہیں۔ انہوں نے ایرانی عوام کی حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

روسی مندوب: ایران میں بیرونی مداخلت عالمی امن کے لیے خطرہ

روسی مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت کی ہر کوشش ناقابل قبول ہے اور یہ عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔

روسی مندوب نے اقتصادی پابندیاں اور دھمکیوں کی پالیسی کو غیر منصفانہ اور نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ عالمی قوانین اور خودمختاری کا احترام ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تشدد اور فوجی دباؤ کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات ہی پائیدار حل ہیں۔

یونانی مندوب: طاقت کے استعمال سے گریز اور انسانی حقوق کا تحفظ ضروری

یونانی مندوب نے کہا کہ خطے میں کشیدگی انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے اور تمام فریق صبر و تحمل کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی حل اور بین الاقوامی تعاون ہی پائیدار امن کی ضمانت ہیں، اور عالمی برادری کو یکجا ہو کر کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

ڈنمارک مندوب: غیر ضروری فوجی دباؤ اور دھمکیوں سے گریز کریں

ڈنمارک کے مندوب نے کہا کہ ایران میں جاری کشیدگی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ صبر و تحمل سے کام لیں اور انسانی حقوق اور شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔

ڈنمارک مندوب نے کہا کہ اختلافات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کرنا چاہیے اور غیر ضروری فوجی دباؤ اور دھمکیوں سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں استحکام کے لیے متحد کردار ادا کرے۔

Scroll to Top