محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے وسط سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش، آندھی اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ایک کمزور مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 19 جنوری تک برقرار رہے گی جبکہ 20 جنوری سے یہ سلسلہ مزید مضبوط ہو کر 21 جنوری سے ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج شام سے 19 جنوری تک وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور ہلکی سے درمیانی برفباری متوقع ہے جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں 18 سے 20 جنوری کے دوران ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن اور پنجاب و خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں تیز بارش، آندھی اور گرج چمک ہو سکتی ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری اور وادی نیلم سمیت مختلف علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے۔
اسی دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 21 اور 22 جنوری کو جبکہ سندھ کے کئی اضلاع میں 22 اور 23 جنوری کو بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے، بلوچستان کے بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری بھی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ 24 گھنٹے میں موسم کیسا رہے گا؟ این ڈی ایم اے نے برفباری اور بارش کیلئے الرٹ جاری کر دیا
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے، پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





