شیراز احمد شیرازی
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی)کے سینیٹر کامران مرتضی نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ۔
سینیٹر کامران مرتضی نے دعویٰ کیا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر تقرر سابق وزیراعظم نواز شریف کی سفارش پر ہوا۔
سینیٹر کامران مرتضی کے مطابق محمود خان اچکزئی نے خود نواز شریف سے براہِ راست رابطہ کیا تھا جس کے بعد نواز شریف نے بھی اپنے اندر کا غصہ نکالنے کے لئے محمود خان اچکزئی کا نوٹیفکیشن کروایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام آنے والے دنوں میں وسیع تر میثاق جمہوریت کی بنیاد بھی بن سکتا ہے اور قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ میں بھی اپوزیشن لیڈر کا تقرر کیا جانا چاہیے۔
سینیٹر کامران مرتضی نے مزید بتایا کہ محمود خان اچکزئی جے یو آئی کے اپوزیشن لیڈر بھی ہیں اور جے یو آئی نے بھی ان کی تقرری کا مطالبہ کیا تھا۔
دوسری جانب آج آج قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی تھاجس کے بعد سپیکر نے قانونی اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے محمود خان اچکزئی کو لیڈر آف دی اپوزیشن مقرر کیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں ہوا۔سپیکر نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اورعامر ڈوگر کو بھی بلا کر نوٹیفکیشن حوالے کرنے کی ہدایات دی۔
گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے اجرا میں تاخیر ہوئی تھی جس پر سپیکر نے سیکرٹریٹ کے سینئر افسران سے تفصیلی مشاورت کی اور تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا تاکہ عمل شفاف اور آئینی طور پر مکمل ہو۔





