اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 16 تا 22 جنوری کے دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید برفباری اور بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی آمد کے باعث گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے۔
گلگت، ہنزہ، اسکردو، استور، چترال، دیر، مالم جبہ اور سوات میں درمیانی سے شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح بٹگرام، ناران، کاغان، گلیات اور مری میں بھی شدید بارش اور برفباری متوقع ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایمرجنسی سنٹر نے سخت سردی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ الرٹ کے مطابق میدانی علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں اور عوام کو سرد موسم، برفباری اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محمود خان اچکزئی کی بطوراپوزیشن لیڈر تقرری ،اندورنی کہانی سامنے آگئی
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے نتیجے میں بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اور آمدورفت میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے بھی خشک موسم کے خاتمے اور بارشوں کی اطلاع دی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی 20 سے 23 جنوری کے دوران بارش کا امکان ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع میں 23 جنوری تک بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 21 سے 23 جنوری کے دوران بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے مختلف علاقوں میں 22 سے 23 جنوری تک بارش کا امکان ہے۔





