اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن ، ممبر قومی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے انکشاف کیا ہے کہ ضلع خیبر، وادی تیراہ کے لیے صوبائی کابینہ نے انخلاء کی منظوری دے دی ہے اور چار ارب روپے کے فنڈز بھی جاری کرنے کی منظوری دی گئی تھی، تاکہ متاثرہ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے اور فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) صرف سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک اور ویوز تک محدود ہے اور گراونڈ پر ان کی موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے حالیہ دوروں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور کی بجائے کراچی سے اسلام آباد آئے اور دوبارہ کراچی چلے گئے، جبکہ وادی تیراہ میں عوام مشکلات اور جان و مال کے خطرات میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرستان، ٹانک، بنوں سمیت پورا صوبہ اس وقت شدید خطرات اور دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے اور وہاں کے عوام کو فوری ریلیف اور تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے، مگر پی ٹی آئی اپنی کرسی پر صرف توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے خیبرپختونخوا میں دسمبر میں دو مرتبہ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے جو مکمل میرٹ پر دیے گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات پر سختی کی ہے کہ اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی تقسیم ہمیشہ میرٹ پر یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے صوبے میں پولیس اور ایف سی کی قربانیوں کی جانب بھی توجہ دلائی اگر پولیس کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے تو کون جاتا ہے ان کے لواحقین کے پاس؟
ہمارے آرمی، پولیس اور ایف سی کے جوان قربانیاں دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف ان کی جنازوں میں شریک نہیں ہوتے۔
یہ بھی پڑھیں : سینئرتجزیہ کارحماد حسن نے تیراہ آپریشن کے حوالے سےخیبرپختونخواحکومت کا بیانیہ بے نقاب کردیا
ثُمر ہارون بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صوبے میں امن جرگے بھی کیے، لیکن گراونڈ پر کوئی اثر نظر نہیں آ رہا۔ صوبائی حکومت عوام کے سامنے امن کے اقدامات کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امن کے بجائے دہشت گردوں کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے اور پارٹی کے اندر گروپ بندی نے بھی امن کی صورتحال خراب کی ہے۔
انہوں نے تیراہ آپریشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر آپریشن شروع کیا ہے تاکہ دہشتگرد عناصر کو ختم کیا جا سکے اور عوام کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیراہ، خیبر اور دیگر حساس اضلاع میں جاری آپریشنز میں آرمی، ایف سی اور پولیس کے جوان اپنی جان کی بازی لگا رہے ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان قائم کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔





