گلبہار پشاور سے لاپتہ صراف باپ بیٹے با حفاظت گھر واپس پہنچ گئے

سلمان یوسفزئی

پشاور: چار روز قبل گلبہار پشاور سے لاپتہ ہونے والے مشہور صراف ظاہر شاہ اور ان کے فرزند اویس شاہ آج با حفاظت اپنے گھر پہنچ گئے۔

صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری احسن بابر نے کہا کہ ہمارے افراد سے کچھ غلطیاں ہوئی تھیں جس کا خمیازہ وہ بھگت چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ظاہر شاہ اور اویس شاہ نے بلوچستان کے راستے سے آنے والے افغان سمگل شدہ چاندی خریدی تھی، لیکن انہیں علم نہیں تھا کہ یہ چاندی غیر قانونی طور پر سمگل کی گئی ہے۔

بابر نے کہا کہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تمام واقعات کو مدنظر رکھا اور ان عناصر کی بھی نشاندہی کر دی جو چاندی لے کر آئے تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کسی ایسے شخص کی پشت پناہی نہیں کرے گی جو غلط کاموں میں ملوث ہو۔

چار روز قبل ظاہر شاہ اور اویس شاہ کو نامعلوم افراد رات کی تاریکی میں ان کے گھر گلبہار سے اغوا کر کے لے گئے تھے، جس کے خلاف ایسوسی ایشن نے صوبے بھر میں احتجاجی مہم شروع کی تھی۔

جمعہ کی شب پشاور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ظاہر شاہ اور اویس شاہ نے بتایا کہ انہوں نے غلطی سے ایک ایسے شخص سے چاندی خرید لی تھی جو افغانستان سے سمگل ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : 8 لاکھ پاکستانیوں کے لیے بیرونِ ملک روزگار کا بڑا اعلان

اسی غلط فہمی میں ادارے انہیں لے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان افراد کی نشاندہی کر دی ہے کیونکہ وہ پاکستان کے نہیں بلکہ افغانستان سے آئے تھے۔

صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری احسن بابر نے مزید کہا کہ ظاہر شاہ اور اویس شاہ اندر شہر پشاور کے پرانے کاروباری ہیں، لیکن وہ ایک شخص پر اعتماد کرنے کی وجہ سے اس مشکل میں پھنس گئے۔

انہوں نے اداروں اور پولیس کے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمارے افراد کو رہا کر کے معاملہ حل کیا۔

Scroll to Top