سرگودھا: سرگودھا میں شدید دھند کے باعث ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقے گلہ پور بنگلہ کے قریب پیش آیا، جہاں حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ایک منی ٹرک بے قابو ہو کر خشک نہر میں جا گرا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت منی ٹرک میں مجموعی طور پر 23 افراد سوار تھے جو ایک جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
حادثے کے فوراً بعد ٹرک کے نیچے دب کر 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں دورانِ علاج مزید 7 زخمی دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی۔
زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دیر بالا: واڑی کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثہ
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے نہر میں گرے ٹرک سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی جبکہ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ اسپتال پہنچ گئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور شہریوں کو شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔





