ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق یہ لیگ رواں سال 26 مارچ سے شروع ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اہم اجلاس چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ، محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ایس ایل کی تمام 8 فرنچائزز کے نمائندگان کے علاوہ پی سی بی اور پی ایس ایل کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی اور دیگر شرکا نے سیالکوٹ اور حیدرآباد کی نئی ٹیموں کے مالکان کو پی ایس ایل فیملی میں خوش آمدید کہا اور انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیم کو نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی کے انعقاد پر بھی سراہا گیا، جسے لیگ کی ترقی اور ارتقا کی ایک اہم کڑی قرار دیا گیا۔
اجلاس کے دوران مختلف امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی، جن میں شامل تھے۔
پی ایس ایل 11 کا شیڈول
کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا طریقہ کار
پلیئر ایکشن اور ڈرافٹ کے امتزاج پر مشتمل منفرد نظام ’’ڈراکشن‘‘کو اپنانا
براہِ راست سائننگز کے آپشنز
گورننگ کونسل کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ جمعرات سے شروع ہوگا، جس پر شائقین کرکٹ، کھلاڑیوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز میں نئے سیزن کے حوالے سے جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو ہفتے کے روز ایجنڈا آئٹمز پر مزید غور کرے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر گورننگ کونسل کا اجلاس دوبارہ طلب کیا جائے گا۔
پی ایس ایل 11 کے اس ایڈیشن سے شائقین کو نہ صرف نئی ٹیموں کے جوش و جذبے کا تجربہ ہوگا بلکہ لیگ میں شامل نئے نظام ’’ڈراکشن‘‘ کے ذریعے کھلاڑیوں کی بہترین ٹیموں میں شمولیت اور مقابلے کے دوران مزید سنسنی پیدا ہونے کی توقع ہے۔





