وادی تیراہ میں خوارج کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑے،4 دہشتگرد ہلاک

وادی تیراہ میں کالعدم خوارج تنظیموں کے دو دھڑوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق آج 17 جنوری کو تیراہ کے علاقے کوئلہ مرکز میں فتنہ الخوارج اور جماعت الاحرار سے وابستہ دہشتگردوں کے درمیان مالِ غنیمت، منشیات اور بھنگ کی تقسیم پر جھگڑا ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے فائرنگ کے تبادلے میں تبدیل ہو گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں 4 خوارج موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جن میں طعیب، سلمان عرف سدیس عرف اسعد، ساقی عرف شفیق اور دیوانہ شامل ہیں۔ تصادم کے دوران منشیات کی چھینا جھپٹی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تجزیہ کار رضوان رضی کےعمران خان کے بیٹوں، سونے کے پستول، توشہ خانہ اور لندن مظاہروں پر تہلکہ خیز انکشافات

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں پہلے بھی جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے درمیان اثر و رسوخ اور علاقے کی تقسیم پر کشیدگی پائی جاتی رہی ہے، اور ماضی میں بھی دونوں دھڑوں کے درمیان مسلح جھڑپیں ہو چکی ہیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس امر کو واضح کرتا ہے کہ خوارج گروہ نہ صرف ریاست کے دشمن ہیں بلکہ ذاتی مفادات، پیسے اور اقتدار کی خاطر آپس میں بھی ایک دوسرے کے خلاف خونریز لڑائیوں سے گریز نہیں کرتے۔

مقامی آبادی کے مطابق ان اندرونی جھڑپوں کے باعث عام شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں، تاہم عوام نے دہشتگرد عناصر کے خلاف ریاستی اداروں کی کارروائیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top