پشتو مضمون لازمی قرار،محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کا بڑا فیصلہ

سلمان یوسفزئی

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں پرائمری سے لے کر انٹرمیڈیٹ تک پشتو مضمون کی تدریس لازمی قرار دے دی ہے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نوشہرہ کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کے لیے مختلف اضلاع کے اسکولوں کو تحریری ہدایات ارسال کر دی گئی ہیں۔

جاری مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اسکولوں کے سربراہان اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ اپنی اپنی درسگاہوں میں تمام کلاسز میں پشتو مضمون کی تدریس یقینی بنائیں۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پشتو مضمون انٹرمیڈیٹ (سیکنڈ ایئر) تک لازمی مضمون ہوگا۔محکمہ تعلیم نے پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز اور سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس فیصلے پر عملدرآمد کرائیں۔

مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ اداروں کے سربراہان یا ڈی ڈی او کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے میں مادری زبان کے فروغ، ثقافتی شناخت کے تحفظ اور طلبہ کی تعلیمی بنیاد کو مضبوط بنانا ہے

Scroll to Top