پاکستان میں گاڑیوں کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر جیکو نے اپنی سب سے کم قیمت ہائبرڈ ایس یو وی جے5 متعارف کرا دی ہے۔
نشاط گروپ کی معاونت سے پیش کی جانے والی جے5 میں جدید ٹیکنالوجی، پریمیم انداز کا اندرونی حصہ اور جدید حفاظتی خصوصیات شامل ہیں جو اسے پاکستانی مارکیٹ میں قیمت کے لحاظ سے بہترین ہائبرڈ ایس یو وی کے طور پر ممتاز بناتے ہیں۔
جے5 ایک خود چارج ہونے والی ہائبرڈ گاڑی ہے جس میں 1.5 لیٹر ٹربو پیٹرول انجن کے ساتھ 1.83 کلو واٹ آور بیٹری منسلک ہے، یہ ٹیکنالوجی سپر ہائبرڈ سسٹم کہلاتی ہے جسے جیکو کی اصل کمپنی چیری نے تیار کیا ہے۔
گاڑی کے بیرونی ڈیزائن میں رینج روور ایووک سے متاثر انداز شامل ہے، جس میں واٹر فال سٹائل فرنٹ گرِل، مکمل ایل ای ڈی ہیڈلائٹس، 18 انچ کے الائے پہیے، چھت کی ریلیں، چھپے ہوئے دروازے کے ہینڈلز، ایل ای ڈی ٹیل لائٹس اور جدید بمپرز دیے گئے ہیں، اس کے بولڈ گرِل اور مضبوط ڈیزائن کی بدولت یہ سڑک پر نمایاں نظر آتی ہے۔
گاڑی کے اندر دو رنگوں کا گرے تھیم، نرم ٹچ مواد اور کاربن فائبر اسٹائل ٹرم موجود ہے، 36 رنگوں کی روشنی اور رینج روور سے متاثر سینٹر کنسول کیبن کو کشادہ اور جدید بناتی ہے۔
جے5 میں 13.2 انچ ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم دیا گیا ہے، جس کے ذریعے ڈرائیونگ کے انداز، ہائبرڈ توانائی کے استعمال اور دیگر ترتیبات کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
حفاظتی خصوصیات میں چھ ایئر بیگز، 540 ڈگری کیمرا سسٹم آگے ٹکر سے خبردار کرنے والا نظام، خودکار ہنگامی بریک، ایڈاپٹو کروز کنٹرول، لین چھوڑنے کی وارننگ اور لین کیپ اسسٹ، بلائنڈ اسپاٹ مانیٹرنگ اور ریئر کراس ٹریفک الرٹ شامل ہیں، جو ڈرائیونگ کو محفوظ اور آرام دہ بناتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے خوشخبری،ہونڈا سٹی کا نیا ماڈل لانچ
جے5 کو پاکستان کی سب سے کم قیمت ہائبرڈ ایس یو وی کے طور پر لانچ کیا گیا ہے جس کی تعارفی قیمت کمفرٹ ماڈل کے لیے 66 لاکھ 99 ہزار روپے اور پریمیم ماڈل کے لیے 76 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
یہ قیمتیں 10 مارچ 2026 تک مؤثر رہیں گی اور فنانسنگ کی سہولت ایم سی بی کار فور یو تین سال تک اور فلیٹ فور یو سات سال تک فراہم کرے گا جس میں ماہانہ اقساط تقریباً ایک لاکھ چھ ہزار روپے سے شروع ہوں گی۔
جے5 کی لانچ سے پاکستانی صارفین کو معیاری ہائبرڈ ایس یو وی کی کم قیمت سہولت میسر ہوگی جس میں جدید ٹیکنالوجی اور حفاظتی خصوصیات کو ترجیح دی گئی ہے۔





