بھارت کا کھیل سے کھلواڑ، آئی سی سی ایونٹ کو بھی داغدار کر دیا

بھارت نے انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی کرکٹ کو سیاست زدہ کر دیا، بھارتی کپتان نے پاکستان کے بعد بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں سے بھی ہاتھ نہیں ملایا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے ایک بار پھر کھیل کو سیاست زدہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

بھارت نے پاکستان کے بعد اب بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی روایتی مصافحہ نہیں کیا جس سے میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے تعلقات کی تلخی واضح طور پر دیکھنے میں آئی۔

بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران ٹاس کے وقت بھارتی کپتان آیوش مہاترے اور بنگلہ دیشی نائب کپتان زواد ابرار کے درمیان واضح فاصلہ دیکھا گیا۔

ٹاس کے بعد بنگلہ دیشی کپتان تمیم اقبال ہاتھ جیبوں میں ڈالے سیدھا واپس چلے گئے اور روایتی مصافحہ بھی نہیں کیا گیا جس سے کھیل کے دوران کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بھارت نے کھیل سے کھلواڑ کیا ہو، گزشتہ سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملا کر کرکٹ کی روایات کو پس پشت ڈال دیا تھا اور اب اسی طرح کا واقعہ انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی دہرایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شٹ اپ کال، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت کے لیے ریڈ لائن کھینچ دی

میچ کے آغاز میں نو ہیڈ شیک کے معاملے پر توجہ جانے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کو ہوش آیا، اور میچ ختم ہونے کے بعد بھارتی کپتان نے شرمندگی کے عالم میں بنگلہ دیشی نائب کپتان سے مصافحہ کیا۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیل کے دوران ایسی سیاسی تلخی کھیل کی روح کے خلاف ہے اور نوجوان کھلاڑیوں پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

Scroll to Top