محمود خان اچکزئی کا ن لیگ سے تعلقَ؟ فواد چودھری نے کھل کر بیان دے دیا

سینئر سیاستدان اور پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چودھری نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور مسلم لیگ ن کے درمیان تعلق پر کھل کر بات کی۔

فواد چودھری نے کہا ہے کہ محمود اچکزئی کا ن لیگ کے سابق رہنما نواز شریف سے قریبی تعلق رہا ہے اور ن لیگ میں ان کے لیے ہمیشہ احترام پایا جاتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں محمود اچکزئی کا بھی کردار تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں دیگر دوستوں نے بھی حصہ لیا، اور تحریک کے مختلف اراکین پہلے نواز شریف کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ نے انہیں آگاہ کیا کہ سینیٹ میں جلد اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی ہو جائے گی اور حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کچھ نہ کچھ رابطے ہو رہے ہیں جس کا خیرمقدم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اچکزئی اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر حکومت سے بات کر سکتے ہیں تو وہ اسیران کی رہائی کے حوالے سے بھی بات کریں گے اور امید ہے کہ محمود اچکزئی سیاسی اور خصوصاً خواتین اسیران کی رہائی کے لیے حکومت سے بات کریں گے، جو ایک بڑا اقدام ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: محمود خان اچکزئی کی بطوراپوزیشن لیڈر تقرری ،اندورنی کہانی سامنے آگئی

سابق پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی وجہ سے پاکستان کے سیاسی ماحول میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور پی ٹی آئی کے 90 فیصد لوگ ڈائیلاگ کے حق میں ہیں۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ حکومت کو فیصلہ کرنا ہے کہ ڈائیلاگ کو موقع دیا جائے یا نہیں اور اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے ذریعے حکومت نے ڈائیلاگ کو موقع فراہم کیا ہے۔

Scroll to Top