وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا باجوڑ کے آئی ڈی پیز کے لیے معاوضے کا اعلان

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے باجوڑ کے اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے افراد (آئی ڈی پیز) کے لیے معاوضے میں نمایاں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حالیہ آپریشن کے دوران جزوی طور پر متاثر ہونے والے گھروں کی تعمیرِ نو کے لیے امدادی رقم 1 لاکھ 60 ہزار روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

آئی ڈی پیز کے معاوضے کا اعلان وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والے ایک اہم جرگے کے دوران کیا گیا جس میں اراکینِ پارلیمنٹ، قومی سیاسی رہنماؤں اور باجوڑ کے قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔

جرگے کے شرکاء نے وزیرِ اعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

جرگے میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، پاک افغان تعلقات اور قبائلی اضلاع کی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا،اس موقع پر شرکاء نے پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ قبائلی عمائدین، عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے صوبے میں امن کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں جن کی بدولت 2018 میں ملک میں مکمل امن قائم ہوا تھا تاہم اب ایک بار پھر حالات خراب کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ بند کمروں میں کیے گئے فیصلے مسائل کو مزید بڑھاتے ہیں جبکہ دیرپا امن کے لیے قبائلی عمائدین اور حکومت کو مل کر فیصلے کرنا ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے باجوڑ کے عوام اور قبائلی عمائدین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے وقت سالانہ 100 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر گزشتہ سات برسوں میں صرف 168 ارب روپے دیے گئے جبکہ 532 ارب روپے اب بھی وفاق کے ذمے واجب الادا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وادی تیراہ کے آئی ڈی پیز کے فنڈز پی ٹی آئی کی اسٹریٹ موومنٹ کے لیے مختص کیے جانے کا دعویٰ

وزیرِ اعلیٰ نے انضمام شدہ اضلاع میں پولیس بھرتی کے لیے عمر کی حد بڑھانے، باجوڑ شہداء پیکج پر کام تیز کرنے اور امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والے قبائلی عمائدین کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ روشن قبائلی پیکج کے تحت انضمام شدہ اضلاع میں موجود سکولوں اور ہسپتالوں کو بہتر بنایا جائے گا۔

Scroll to Top