پی ٹی آئی کی حکومت تیراہ آپریشن کے حق میں ہے، جماعت اسلامی کے رہنما عنایت اللہ کا بڑا بیان

جماعت اسلامی کے رہنما عنایت اللہ نے وادی تیراہ میں ممکنہ آپریشن سے متعلق بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت مکمل طور پر اس آپریشن کے حق میں ہے۔

عنایت اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی وادی تیراہ میں آپریشن کے حامی ہیں کیونکہ صوبے میں سول انتظامیہ اور پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے امن و امان برقرار رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔

جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق نے وادی تیراہ میں فوجی آپریشن جیسے حساس معاملے پر صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان باہمی اعتماد کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد اور انا پر مبنی رویّے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں، جس سے حالات مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔

اس معاملے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا مؤقف مختلف سامنے آیا ہے، وزیراعلیٰ نے وادی تیراہ میں ممکنہ عسکری آپریشن کی کھل کر مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کا آبائی علاقہ ہے اور وہ کسی بھی آپریشن کی اجازت یا حمایت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وادی تیراہ میں خوارج کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑے،4 دہشتگرد ہلاک

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقامی جرگے کی جانب سے مذاکرات کے بعد علاقے کی مقامی آبادی نقل مکانی کر رہی ہے۔

Scroll to Top