پیٹرول کے معاملے میں دھوکہ نہیں! قانونی پیٹرول پمپس کی شناخت کیلئے ’راہگزر‘ موبائل ایپ لانچ کر دی گئی

پیٹرول کے معاملے میں دھوکہ نہیں! قانونی پیٹرول پمپس کی شناخت کیلئے ’راہگزر‘ موبائل ایپ لانچ کر دی گئی

حکومت نے پیٹرولیم سیکٹر میں شفافیت اور اصلاحات کیلئے بڑے اقدامات شروع کر دیے’راہگزر‘ ایپ، جدید ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم اور ڈیجیٹل نگرانی سے غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

حکومت نے پیٹرولیم سیکٹر میں بہتری، شفافیت اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل درآمد تیز کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری اعلامیے کے مطابق اس سلسلے میں متعدد جدید اقدامات متعارف کروائے جا رہے ہیں، جو ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور فروخت کے نظام میں شفافیت اور کنٹرول کو یقینی بنائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق غیر قانونی پیٹرولیم مصنوعات کی روک تھام اور قانونی پیٹرول پمپس کی شناخت کو آسان بنانے کے لیے ’راہگزر‘ موبائل ایپ لانچ کر دی گئی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین منظور شدہ اور رجسٹرڈ فیول پمپس کی آسانی سے شناخت کر سکیں گے، جس سے عوام کو محفوظ اور قانونی فیول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

پیٹرولیم ڈویژن نے مزید بتایا کہ آئل ٹینکرز کی مؤثر نگرانی کے لیے اوگرا اور پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے ایک مشترکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کر لیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت فیول ٹینکرز، ٹرمینلز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کو ایک مربوط ڈیجیٹل نیٹ ورک سے منسلک کیا جا رہا ہے، تاکہ ترسیل کے ہر مرحلے کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پیٹرول پمپس پر خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل نوزلز نصب کیے جائیں گے، جس سے مقدار اور معیار کی درست نگرانی ممکن ہوگی۔ اسی طرح، ڈی جی پی سی تیل و گیس بلاکس کے لیے نیا آن لائن پورٹل بھی متعارف کروایا جائے گا، جس کے ذریعے ایکسپلوریشن اور پروڈکشن بلاکس کی بولی کا پورا عمل ڈیجیٹل اور شفاف ہو جائے گا۔

پیٹرولیم ڈویژن نے مزید کہا کہ دھماکہ خیز مواد کی نگرانی کے لیے ایکسپلوسیوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت سپلائی چین کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس منصوبے کے پہلے دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ، غیر قانونی پیٹرولیم مصنوعات کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے پیٹرولیم ایکٹ 1934 میں ترامیم کی گئی ہیں، جن کے تحت غیر قانونی فروخت اور ترسیل پر بھاری جرمانے اور ضبطی کی شقیں شامل کی گئی ہیں۔ اس اقدام سے ملک میں غیر قانونی سرگرمیوں پر سختی سے قابو پانے اور صارفین کو قانونی اور محفوظ فیول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

حکومت کے یہ اقدامات پیٹرولیم سیکٹر میں شفافیت، عوامی اعتماد اور موثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے، اور آئندہ ملک میں فیول کی ترسیل کے نظام کو جدید اور محفوظ بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

Scroll to Top