افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شہرِ نو میں واقع ایک چینی ریسٹورنٹ کے اندر زور دار دھماکا ہوا جس میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا ممکنہ طور پر خودکش حملہ تھا اور اس میں چینی اور افغان شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کے فوراً بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
طالبان کی وزارتِ داخلہ اور کابل پولیس کے ترجمانوں نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس واقعے میں جانی نقصان ہوا ہے، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
تاحال طالبان حکام کی جانب سے واقعے کی وجوہات یا ذمہ داروں کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔





