پاکستان کی آئی ٹی برآمدات نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
دسمبر 2025 کے دوران آئی ٹی برآمدات پہلی بار 400 ملین ڈالر کی حد عبور کرتے ہوئے 437 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں آئی ٹی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 356 ملین ڈالر تھیں جبکہ سالانہ بنیاد پر یہ اضافہ 26 فیصد رہا جہاں دسمبر 2024 میں برآمدات کا حجم 348 ملین ڈالر تھا۔
رواں مالی سال 26 کے پہلے چھ ماہ کے دوران آئی سی ٹی برآمدات 2.24 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہیں۔
اس کارکردگی کے باعث آئی سی ٹی شعبہ خدمات کی برآمدات میں سب سے بڑا اور مستقل حصہ ڈالنے والا شعبہ بن کر ابھرا ہے جس نے سب سے زیادہ تجارتی سرپلس بھی فراہم کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے مضبوط ہونے اور عالمی مارکیٹ میں پاکستانی آئی ٹی خدمات پر بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔





